خاران : ثناء بلوچ نے باقاعدہ نرسنگ کالج کا افتتاح کردیا
خاران :تعلیم و نسواں کی ترقی کا سفرجاری،رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے آج باقاعدہ نرسنگ کالج کا افتتاح کردیا اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ قاضی نور ،ڈی ایچ او انور گولہ سابق ڈی ایچ او محمد انور سیاپاد ڈاکٹر بشیر احمد کبدانی بھی موجودتھیں۔اس موقع پر انہوں نے نرسنگ کالج کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرنے کے ساتھ ہی شیخ زید ہسپتال کے وارڈز سمیت ڈائیلاسز روم کا بھی دورہ کیا۔ڈاکٹر محبوب بلوچ نے نرسنگ کالج سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں نہ صرف یہ کہ ڈاکٹرز، بلکہ نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹا ف کی بھی کمی ہے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم وتربیت سے بہت ساری متوسط طبقے کی خواتین کو مقامی اور ملکی سطح پر ملازمت کے مواقع میسر آسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں اُنہوں نے بتایا کہ نے نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے تعلیمی نصاب اور تربیتی طریقہء کار کو اس انداز سے ترتیب دیاجائے کہ وہ ملکی سطح کے امتحانات میں بھی کامیاب ہوسکیں۔ تاکہ ہمارے نوجوان بہتر معیا ر کے طریقہء کار اور طبی ضابطوں سے آگاہ ہوسکیں۔انہوں نے کہا طب کے تعلیمی میدان میں قدم رکھنا اور عوام الناس کو سستی طبی سہولیات فراہم کرنا ہمارا مقصد اور وژن ہے۔ آج نرسنگ کالج کی بنیاد رکھ کر ہم نے ایک اور وعدہ کو تکمیل تک پہنچایا انہوں نے کہا کہ نرسنگ کالج کو جدید ترین تعلیمی معیار اور طبی سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔