شیخ رشید کہتے ہیں لانگ مارچ خونی ہوگا، شیخ رشید کو گھر سے نکلنے نہیں دوں گا، رانا ثناء اللہ
لاہور: رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو وارننگ دیتا ہوں دوسری جماعتوں کے قائدین کا احترام کریں، سابق وزیراعظم اپنے کارکنوں کو بدتمیزی پر اکساتے ہیں، ان کو جوتے پڑیں گے تو یہ ٹھیک ہو جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کہتے ہیں لانگ مارچ خونی ہوگا، اگر بیان واپس نہیں لیا تو شیخ رشید کو گھر سے نکلنے نہیں دوں گا، یہ لوگوں کو اکسانے کے بجائے خود کو آگ لگائیں، یہ لوگ اسی طرح انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں ، جو کریں گے اس کا سامنا آپ لوگوں کو بھی کرنا پڑے گا، آپ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں، آپ مجھے ابھی جانتے نہیں ہیں۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار صرف نام کے وزیراعلیٰ تھے، عثمان بزدار کو حکم ماننے کیلئے وزیر اعلیٰ رکھا گیا تھا، دو ڈھائی سال سے منشیات کیس میں تاریخ بھگتنے کیلئے آ رہا ہوں، عمران خان مخالفین پر جھوٹے کیس بنانے میں لگے رہے، عمران خان کیسز ثابت نہیں کرسکے، لوگ ضمانتوں پر رہا ہو رہے ہیں، 15 کلو منشیات کیس کے حقائق اب سامنے آ رہے ہیں، منشیات کیس میں عمران خان اور شہزاد اکبر ملزم ہیں، اگر میں نے قتل کیے تھے تو پھر ہیروئن کیس بنانے کی کیا ضرورت تھی ؟ کارکنوں کو بے ہودگی سے منع نہ کیا گیا تو آپ بھی نہیں بچ سکتے ۔