عمرانی فتنہ کو اب ختم کرنا ہوگا اور ریاست کو اس پر مدعی بننا پڑے گا، مولانا عبدالواسع
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ذہنیت کا گند اٹھا کر مدینہ جانے والے عمران خان کے ساتھیوں نے منصوبہ بندی سے مسجد نبوی ﷺ کا تقدس پامال کیا، خاتون کو گالیاں پڑوائیں اور لوگوں کو تشدد پر اکسایا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت کے ذمہ داران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامے میں ملوث افراد کی گرفتاری اور ان لوگوں کے پاسپورٹ کی منسوخی کے ذمے دار بھی عمران خان ہیں، چور چور کا شور کرنے والے کے کرپشن کے کیس عوام کے سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرح گوگی پنجاب میں عمران خان کی فرنٹ مین رہیں، وہ کیسے معصوم ہو گئیں جن کے اثاثوں میں اربوں کا اضافہ ہوا۔مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ عمران خان انتشاراور فساد پھیلا کر خون ریزی کرنا چاہتے ہیں، عمرانی فتنے کو ختم کرنے کیلئے ریاست کو مدعی بننا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل مسجد نبویؓ کے واقعے پر دکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، پاکستان دین کی عظمت کی سربلندی کیلئے بنا تھا، عمرانی فتنہ ادھر بھی کہتا باہر نکلیں اور پارٹی پرچموں کے ساتھ نکلیں، عمرانی فتنہ کو اب ختم کرنا ہوگا اور ریاست کو اس پر مدعی بننا پڑے گا، وزیراعظم شہبازشریف سے گزارش ہے قوم کی آواز بنیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سازش کا چورن بیچنا بند کریں، عمرانی فتنہ ملک کیلیے تباہ کن ہوگا یہ گھروں کو آگ کا ڈھیر بنانا چاہتا ہے۔ حکومت کی ذمے داری ہے کہ عمرانی فتنہ سازش جہاں تیار ہوئی اسے بے نقاب کریں گے۔