الیکشن کمیشن صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
تربت(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات سماجی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں بلوچستان میں انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات رہے ہیں الیکشن کمیشن ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حکومتی اور انتظامیہ کے منفی کردار کا نوٹس لیں، صاف و شفاف انتخابات میں نیشنل پارٹی کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے نیشنل پارٹی کیچ سکریٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ انھوں نے کہاکہ 2018 کے عام انتخابات میں جن افراد کو زبردستی کامیاب کیا گیا اور اقتدار دیا گیا انھوں نے اقرباپرور اور کمبہ پرستی میں بلوچستان کو تباہ کردیا اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے انھوں نے کہاکہ حکمران ٹولے میں اختلاف ذاتی اور گروہی ہیں۔ دونوں گروہ ایک جیسے ہیں جنھوں نے ملکر بلوچستان کو بدحال اور برباد کردیا ہے اور اب ایک دوسرے پر الزامات لگا کر نیا کھیل کھلنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام ان کے کردار و عمل سے اچھی طرح باخبر ہیں اب یہ ٹولہ مزید بلوچ عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتا ہے انھوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں اور انتظامی افسران پر نظر رکھیں کہ وہ حکومتی ایما پر بلدیاتی انتخابات کے عمل کو سبوتاژ نہ کریں انھوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے پاس اپنی افرادی قوت نہیں ہے وہ اپنے تمام کام انتظامیہ سے کراتا ہے اس لیے انتخابی عمل میں شفافیت برکرار رکھنا مشکل ہوتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں کسی قسم کی بے جاہ مداخلت ہر گز برداشت نہیں کرے گا ریاستی اداروں کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کریں انھوں نے کہاکہ جمہوریت کے استحکام کے لیے بلدیاتی اداروں کا قیام بنیادی ضرورت ہے۔