بلوچستان عوامی اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے نومنتخب عہدیدار اور ورکرز ہماری جماعت کے اہم ستون ہیں،جام کمال خان
کوئٹہ:بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر ووزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکریٹری جنرل وسینیٹر منظور احمد کاکڑ کی قیادت میں بلوچستان عوامی اسٹوڈنٹ فیڈریشن کی نومنتخب کابینہ نے یہاں ملاقات کی، صوبائی وزیر نورمحمد دمڑ، پارلیمانی سیکریٹری بی ڈی اے میر سکندر علی عمرانی، اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے نومنتخب صدر رحمت خان کاکڑ، جنرل سیکریٹری ریحان بشیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نومنتخب کابینہ سے بی اے پی کے صدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب عہدیدار اور ورکرز ہماری جماعت کے اہم ستون ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی ایک ابھرتی ہوئی سیاسی جماعت ہے جس نے صوبے کو ترقی کی جانب گامزن کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کے لئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب کابینہ اپنی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں پورا کرنے کے لئے اقدامات کرے گی جس سے پارٹی نچلی سطح پر مزید فعال ہوگی۔ انہوں نے بلوچستان عوامی اسٹوڈنٹ فیڈریشن پر زور دیا کہ وہ دوسرے صوبوں کا دورہ کریں اور وہاں کے طلباء سے روابط قائم کرکے پارٹی کو ملک بھر میں فعال کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بی اے پی اسٹوڈنٹ فیڈریشن کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دی جس پر نومنتخب کابینہ نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔