کراچی میں چائینیز اساتذہ پر حملہ قابل مذمت ہے،آغا شاہ زیب درانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر آغا شاہ زیب درانی نے کراچی میں چائینیز اساتذہ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو اپنے مقصدکے لئے استعمال کرنا روایات کے منافی اقدام ہے بلوچستان کی سرزمین نے ہمیشہ ماں بہن اور بیٹیوں کو آمان دیا ہے انہوں نے کہا کہ کراچی سانحہ قابل افسوس ہے اور اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اسلام اور ہماری روایات اساتذہ اورمہمانوں پر ظلم کی ہرگز اجازت نہیں دیتے اور اس واقعہ میں چائینا سے آئے ان مہمانوں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا جو ہمارے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے آئے تھے انہوں نے کہا کہ بلوچ روایات میں بڑے سے بڑے قبائلی جھگڑے عورتوں کی چادر پر ختم کردئیے جاتے ہیں مگر یہ پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا ہے کہ ایک ماں ایک استاد اور ایک پڑھی لکھی خاتون کو جنگ میں آلہ کار بنایا گیا جسکی کم از کم بلوچستان کی روایات کسی طور بھی اجازت نہیں دیتا عورت کا مقام ہمارے معاشرے میں مقدم ہے اور اس طرح انہیں اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھانے والے کسی کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔