قوم کو اپنے بچوں کے مستقبل کیلیے گھروں سے نکلنا ہوگا، عمران خان
پشاور(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آزادی کی تحریک فیصلہ کن مرحلہ ہے پوری قوم کو اپنے بچوں کے مستقبل اور ملک کی آزادی کے لیے گھروں سے نکلنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے وزیراعلی ہاؤس پشاور میں ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدے داروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں آزادی کی تحریک کا پیغام لے کر گلی گلی گاؤں گاؤں جانا ہے، ساری قوم کو تیار کرنا ہے کیوں کہ یہ تاریخ میں فیصلہ کن مرحلہ ہے ہم پر بیرونی سازش کے ساتھ امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 60 فیصد حکومتی کابینہ ضمانت پر ہے، ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا، آصف زرداری، نواز شریف، شہباز شریف سب کی آف شور کمپنیاں ہیں، چور حکمران چھٹیاں منانے کاروبار کرنے اور علاج کے لیے باہر جاتے ہیں، میں مستقبل کی جنگ لڑنے کے لیے قوم کو اکٹھا کرکے نکالوں گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا نے سازش کے تحت امپورٹڈ کو بٹھایا، پاکستان ایک خوددار ملک ہے ہم اسے جواب دیں گے، کلمہ کے نام پر ملک بنا تھا سوائے اللہ کے کسی کے سامنے نہیں جھکے گیں، ہماری حکومت ہٹانے کے لیے میرجعفر اور میر صادق نے مل کر سازش کی، امریکا نے عراق میں بھی حکومت تبدیل کرنے کے لیے یہی کام کیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت گرانے کے لیے میڈیا میں پیسہ چلایا گیا، مخالف جماعت کو خریدا گیا، چلی میں بھی یہی کام کیا گیا، امریکا اسی طرح حکومتیں بدلتا ہے، ساری سازش امریکی انڈر سیکرٹری نے کی جس نے ہمارے سفیر کو دھمکی دی کہ کہ اگر عمران خان کو نہیں ہٹایا تو پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہوگا، اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی تو معاف کردیں گے۔انہوں ںے مزید کہا کہ یاد رکھیں معافی غلاموں کو ملتی ہے، یہ آزادی کی جنگ ہے، پاکستان کے حکمران کرپٹ ترین حکمران ہیں ان کے خلاف ہمیں نکلنا ہوگا۔