بلوچستان کے حقوق پر کسی بھی صورت سودا بازی نہیں کریں گے،مولانا عبدالواسع
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے آتے ہی کوئٹہ کراچی اور کوئٹہ چمن شاہراؤں کے لئے فنڈز ریلیز کر دیئے ہیں، جلد ہی وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ آکر ان شاہراؤں کو افتتاح کریں گے، بلوچستان کے حقوق پر کسی بھی صورت سودا بازی نہیں کریں گے اور وفاقی حکومت میں رہ کر بلوچستان کے جملہ مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے ریکوڈک سیندک اور دیگر وسائل پر بھی عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے ڈیڑھ سال کے دوران بلوچستان کو ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز کے ملازمین کے جائز مطالبات کو تسلیم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سے جمعیت کے سینئر اراکین مفتی روزی خان اور حاجی خورشید کی سربراہی میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ بلوچستان کی قومی شاہراؤں پر اب تک کوئی بھی فنڈز خرچ نہیں کیا گیا ماضی کے حکمرانوں نے بلوچستان کا نام صرف اور صرف اپنے مفادات کے لئے استعمال کیا، گزشتہ 4سال کے دوران بلوچستان کو کوئی ترجیح دی گئی اب موجودہ حکومت آنے کے بعد بلوچستان کے مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے گی بلوچستان کے تمام جملہ مسائل کو حل کرنے کے لئے جمعیت علما اسلام اور دیگر جماعتیں اپنا کردار ادا کریں گی۔ ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے فیڈرل ایمپلائز یونین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے مسائل حل کریں گے انہیں بھی چاہئیں کہ وہ محکمہ کی بہتری اور ملک اور قوم کی بہتری کے لئے تعاون کریں۔