غیر قانونی بھرتیاں، نیب نے سابق تحصیل ناظم،میونسپل آفیسرز خضدار کیخلاف ریفرنس جمع کرادیا

کوئٹہ:قومی احتساب بیورو بلوچستان نے 276 افراد کی غیر قانونی بھرتی کیس کی تحقیقات مکمل کرکے سابق تحصیل ناظم خضدار آصف بلوچ، تحصیل میونسپل آفیسرز جلیل زہری، الہی بخش اور اکاؤنٹنٹس خدائے رحیم اور غلام قادر کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرادیا ہے۔ ملزمان نے خلاف قانون بھرتیاں کرکے قومی خزانے کو 428 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔ نیب کی تحقیقات کے مطابق سابق تحصیل ناظم خضدار آصف بلوچ نے تحصیل میونسپل آفیسرز اور اکاؤنٹنٹ کی ملی بھگت سے 276 افراد کو قانونی تقاضوں کے برخلاف مختلف اسامیوں پر بھرتی کیا۔ اس سارے عمل میں نا تو اسامیوں کیلئے اشتہار دیا گیا اور نا ہی دیگر ضروری قانونی عوامل کو ملحوظ خاطر رکھا گیا۔ مزید یہ کہ سرکاری ملازمین کی بھرتیاں کیلئے ضروری بالائی اور کم سے کم عمر کی شرط کو بھی نظر انداز کرتے ہوئے چھوٹی عمر کے بچوں اور بڑی عمر کے افراد کو بھی بھرتی کیا گیا۔ نیب نے ملوث ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں احتساب عدالت کوئٹہ ون میں ریفرنس دائر کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے