ہمارا مقصد دوسری صنعتوں کو بھی اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے :عمران خان
فیصل آباد:وزیراعظم نے یہ بات فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتیں چلنے سے روزگار بڑھے گا اور آمدن میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے صنعتکاروں کو بھارت اور بنگلا دیش سے مہنگی بجلی مل رہی ہے۔ انڈسٹری کیلئے پیک آور ختم کرکے آدھی قیمت پر بجلی فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے جامع پیکج لے کر آئے۔ ہمارا مقصد دوسری صنعتوں کو بھی اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ حکومت کے آئندہ کے معاشی منصوبے کیا ہوں گے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پیسہ صنعتوں سے بنتا ہے، صنعتکاری چلے گی تو ملک آگے بڑھے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو نئے شعبے تلاش کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف دھاگا اور آم بیچنے سے ملک ترقی نہیں کرے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سابق حکومتوں نے صنعتوں پر کوئی توجہ نہیں دی۔ مشکل حالات کے باوجود صنعتوں کو مراعات دے رہے ہیں۔