وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ تفتان روڈ پر زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے منظوری دے دی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ تفتان روڈ پر زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سروس ایریاز کی تعمیر سے متعلق بورڈ آف ریونیو بلوچستان کی جانب سے ارسال کی جانے والی سمری میں مرتب کردہ سفارشات کی منظوری دیدی۔ واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور نے کوئٹہ تفتان روڈ پر پدگ، نوکنڈی اور دالبندین میں زائرین کے سروس ایریا کے لیے سرکاری اراضی کی نشاندھی کی تھی جس سلسلے میں ایویلویشن کمیٹی کا اجلاس 24 دسمبر 2021 کو منعقد ہوا جس کے بعد 8 مارچ 2022 کو ہونے والے ویڈیو لنک اجلاس میں وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان نے مذکورہ تین سائٹس کی تعمیر کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو بلامعاوضہ سرکاری اراضی دینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔وزیراعلی بلوچستان نے اس عوامی نوعیت کے منصوبے پر فوری تعمیر کے لیے حکومت پاکستان وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے جاری کردہ زائرین مینجمنٹ پالیسی کے مطابق کوئٹہ تفتان روڈ پر زائرین کے لیے سروس ایریا کی تعمیر کے لیے پدگ، نوکنڈی اور دالبندین میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو مفت اراضی فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔واضح رہے کہ زائرین کے سروس ایریا کی تعمیر کے لیے مذکورہ سرکاری اراضی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو لیز کے تحت دی جائی گی۔