بلوچستان کے نوجوان آگے آئیں اور خود اعتمادی سے قیادت سنبھالیں،کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان آگے آئیں اور خود اعتمادی سے قیادت سنبھالیں، کامیابی کا راز نوجوانوں کی خود اعتمادی میں پنہاں ہے بلوچستان کے نوجوان زبردست معاشرتی اور سیاسی شعور کے حامل ہیں۔یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان یوتھ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے نوجوان نسل کو قوم کی امید اور اثاثہ قرار دیتے ہوئے انہیں خود اعتمادی کے ساتھ درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی ترغیب دی۔انہوں نے نوجوانوں کو شکست خوردہ اور منفی سوچ سے خود کو دور رکھنے کی تلقین کی اور خود اعتمادی اور فیصلہ سازی جیسے اوصاف اپنی شخصیت میں پیدا کرنے پر زور دیا کیونکہ کہ بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل اب ان کے ہاتھ میں ہے۔ کور کمانڈر نے کہا کہ کامیابی کا راز نوجوانوں کی خود اعتمادی میں پنہاں ہے بلوچستان کے نوجوان زبردست معاشرتی اور سیاسی شعور کے حامل ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ تعمیری سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں اور بلوچستان اور پاکستان کی خدمت کریں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے سیاسی مسائل کا حل بھی باشعور افراد خود وضح کریں اور حکمت عملی کے تحت مل کر آگے بڑھیں سب کو چاہیے کہ وہ ریاست کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ بلوچستان میں دیر پا امن و امان اور خوشحالی کو ثبات ملے۔ کور کمانڈر نے نوجوانوں کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے اور ان کو امید کی کرن اور بلوچستان کے تابناک مستقبل کی دلیل قرار دیا۔ورکشاپ کے کے شرکاء سے یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمن اور ڈاکٹر علی حمزہ نے بھی خطاب کیا۔مقررین نوجوانوں کو دنیا بھر میں تیزی سے بدلتے حالات کے تناظر میں بلوچستان کی اہمیت اور اس کی مطلوبہ ترقی میں کے نوجوانوں کے کلیدی کردار سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے آپ کو پہچانیں اور علم و عمل کی طاقت سے اپنی منزل کو پائیں۔نوجوانوں نے سول سیکریٹریٹ اور کوئٹہ کینٹ کا دورہ بھی کیا اور وزیر کھیل عبد الخالق ہزارہ سے ملاقات کی۔ ورکشاپ کے اختتام پر کورکمانڈر، وزیر کھیل اور چیف سیکرٹری نے شرکاء میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں نوجوانوں کی زبردست گرمجوشی میں اس ورکشاپ کو بلوچستان کے تمام اضلاع میں منعقد کرائے جانے کا مطالبہ بھی سامنے آیا جسے پزیرائی کے ساتھ منظور کر لیا گیا جو کہ بہت خوش آئند بات ہے۔