ینگ ڈاکٹرزپولیس اورایف سی کی موجودگی میں سروسز نہیں دیں گے، محبت ترین
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن کے رہنما محبت ترین نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس سرکاری ہسپتالوں میں پولیس اورایف سی کی موجودگی میں سروسز نہیں دیں گے،سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ کوفوری طور پرانکے عہدے سے ہٹایا جائے ینگ ڈاکٹرزاورپیرامیڈیکس آئندہ کسی بھی ایسے مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گے جہاں سیکرٹری صحت موجود ہونگے،پولیس نے ابتک 55ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کو گرفتارکیا ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کی شام ڈاکٹرسمیع ڈاکٹرجہانزیب،ڈاکٹر مقصود رئیسانی اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں ن کہا کہ ینگ ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکل سٹاف فیڈریشن صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اس دوران ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے احتجاجی مظاہرے کئے جس کی پاداش میں انہیں گرفتار کرکے ایک ماہ تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں ڈاکٹرز کے مطالبات کی تائید کی گئی اورڈاکٹرز کے ساتھ معاہدے کئے گئے لیکن آج تک ان معاہدوں پرعملدرآمدنہیں کیا گیا جس کے بعد مجبورا ایک بارپھر ینگ ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن نے احتجاجی ریلی نکالی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کرکے ڈاکٹروں کو دوبارہ گرفتارکیا اورایک بارپھر روایتی مذاکرات کئے گئے اورحکومت نے وعدہ کیا کہ کچھ ہی دنوں میں نوٹیفکیشن جاری کردیئے جائیں گے لیکن 45دن گزرنے کے باوجود کوئی بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا جس کے بعدڈاکٹرز نے احتجاج کیا اور پولیس نے 15ڈاکٹرز کو گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا اسکے ایک دن بعد پولیس نے سول ہسپتال کوئٹہ کے اندرہمارے پرامن مرکزی احتجاجی کیمپ پر دھاوا بول کر40ڈاکٹروں اورپیرامیڈیکس کو گرفتارکرلیا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی بندش،مریضوں کی تذلیل،ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس پر تشدد کے پیچھے نااہل سیکرٹری صحت کا ہاتھ ہے جو مخصو ص مراعات یافتہ،متنازعہ کردارکے لوگوں کو ساتھ ملاکر شعبہ صحت کے ملازمین کو قومیت،لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سیکرٹری صحت نے محکمے کو کرپشن کا گڑھ بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پرسیکرٹری صحت کوانکے عہدے سے ہٹائے۔انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکس سرکاری ہسپتالوں میں پولیس اورایف سی کی موجودگی میں کسی بھی قسم کی سروسز نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس اسٹاف سیکرٹری صحت کی موجودگی میں آئندہ کسی بھی مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گے انہوں نے کہا کہ عنقریب تمام صوبوں کے ینگ ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکس کو ساتھ ملاکر سخت لائحہ عمل اوراحتجاج کا اعلان کریں گے۔