ملک وصوبے کا روشن مستقبل پائیدار جمہوری نظام سے وابستہ ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ ملک وصوبے کا روشن مستقبل پائیدار جمہوری نظام سے وابستہ ہے. لہٰذا ضروری ہے کہ تمام عوامی نمائندوں کو ہر قسم کے ذاتی اختلافات کو بھلا کر ملک وصوبے کے مفادات کو آولیت دی جائے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ جمہوری نظام میں اختلاف ہر شخص کا حق ہے لیکن ہمیں آئین اور جمہوریت کے دائرے میں رہ کر عوامی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں صوبائی وزیر سردار محمد صالح بھوتانی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ سیاست میں مفاد خلق کی پاسداری ہی قیادت کی اصل وقار و عظمت کا باعث ہے. تمام قومی پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں کا محور و مرکز عوام ہی ہونا چاہیے اور ان کے ثمرات غریب اور محروم لوگوں تک پہنچانا ضروری ہے. انہوں نے کہا کہ عوام کو تمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں. بعدازاں صوبائی وزیر محمد خان لہڑی اور رکن صوبائی اسمبلی قادر مائل نے بھی گورنر بلوچستان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے