ریکوڈک معاہدے کی مخالفت کرنے والے صوبے کے عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے،سردار عبدالرحمن کھیتران

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران نے ریکوڈک معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے معاہدے پردستخط کرکے آئندہ 50سال کیلئے بلوچستان پر خزانے کا دروازہ کھول دیا ہے،معاہدے کی مخالفت کرنے والے صوبے کے عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ریکوڈک معاہدہ کرکے صوبے کی ترقی کا دروازہ کھول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک معاہدے سے بلوچستان کو آئندہ 50سال تک فائدہ پہنچے گاوہیں صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اوردوسری جانب صوبے میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ریکوڈک معاہدہ ہونے پر وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ریکوڈک معاہدے کی مخالفت کررہے ہیں وہ بلوچستان کے عوام اور صوبے کی ترقی کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے سربراہ میر عبدالقدوس بزنجو نے ریکوڈک معاہدہ کرکے بلوچستان کے عوام پر ایک بہت بڑا احسان کیا ہے معاہدے کے بعد بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے