ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند کی سردار عبدالرحمن کھیتران سے ملاقات
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے صوبائی وزیر مواصلات سردار عبدالرحمن کھیتران سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اس ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی تعلقات خاص کر تجارتی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے دو برادر، دوست اور ہمسایہ ممالک ایران اور پاکستان کے عوام کی مشترکہ تاریخی اور ثقافتی رشتوں کے پیش نظر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تجارت اور معیشت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور ایران جانے والے تاجروں اور مسافروں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کیلئے وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں صوبائی حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے پسماندگی، صنعتوں اور روزگار کے ذرائع کی کمی کے باعث عوام کی معیشت کا دارومدار معدنیات اور سرحدی تجارت سے وابستہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تاجروں اور سرحدی علاقوں کے عوام کو مزید سہولیات فراہم کی جائے۔انہوں نے صوبائی حکومت کے اقدامات کی تعریف کرنے پر قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی تجارت سے وابستہ مسائل کا حل وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ ہم صوبے کی عوام کے مسائل کے حل اور آسانیاں پیدا کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ایرانی قونصل جنرل نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران تجارتی تعلقات میں 25 فیصد مزید اضافہ ہوا ہے۔ تجارت اور نقل و حمل میں آسانیاں پیدا کرنے سے دونوں ممالک کے عوام کو مزید ایک دوسرے کے قریب لایا جاسکتا ہے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کوئٹہ زاہدان اور کوئٹہ سے ایران کے دیگر شہروں کے لئے براہ راست پروازوں کا آغاز موجودہ دور کے اہم تقاضوں میں سے ایک ہے۔ جس پر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ صوبائی اعلیٰ حکام سے صلاح و مشورے کے بعد اس موضوع کو وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ وفاقی حکومت کے تعاون اور مثبت پیشرفت کیلئے پرامید ہے۔قونصل جنرل اور صوبائی وزیر نے یوم پاکستان اور عید نوروز کے حوالے سے ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو وسعت دینے اور اس دوستانہ باہمی رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ملاقات کے آخر میں قونصل جنرل نے صوبائی وزیر کو ایرانی دستکاری کا یادگاری تحفہ بھی پیش کردیا۔