اپوزیشن نے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کے لیے درخواست جمع کروا دی
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) اپوزیشن کی جانب سے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کے لیے سیکرٹری قومی اسمبلی کو درخواست جمع کروائی گئی۔جن اپوزیشن ارکان کی جانب سے درخواست جمع کروائی گئی ان میں سردار ایاز صادق، محسن داوڑ، شاہدہ اختر علی، نوید قمر اور شزہ فاطمہ خواجہ شامل ہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسپیکر صاحب کے کمرے کو جانے والے دروازے پر تالا لگا ہے، اسپیکر صاحب کے چیمبر میں جانے والی لفٹ بھی بند ہے، ہم سیکرٹری اسمبلی کو علی وزیرکے پروڈکشن آرڈر کی درخواست جمع کرا آئے ہیں، علی وزیر کا حق ہے کہ وہ اجلاس میں شریک ہوں۔محسن داوڑ کا کہنا تھا کہ ہم ہر بار علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کے لیے تازہ درخواست جمع کراتے ہیں، علی وزیر معزز ممبر قومی اسمبلی ہیں اور اجلاس میں شرکت کرنا ان کا قانونی حق ہے۔