بلوچستان اسمبلی کے ہر اجلاس میں سیکرٹریز کو حاضر ہونا چاہئے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کے ہر اجلاس میں سیکرٹریز کو حاضر ہونا چاہئے، قبل از بجٹ اجلاس میں پیش کی جانے والی تجاویز اہم ہیں اراکین کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے متوازن بجٹ بنایا جائیگا، ریکوڈک کا یہ منصوبہ باقی کمپنیوں کے لئے بھی گیٹ وے ثابت ہوگا کہ وہ آئیں اور سرمایہ کریں، یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی، اسمبلی اجلاس میں ڈپٹی سپیکر کی نشاندہی پر قائدایوان میر عبدالقدوس بزنجو نے سیکرٹریز کو بلوچستان اسمبی کے ہر اجلاس میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف پری بجٹ سیشن بلکہ بلوچستان اسمبلی کے ہر اجلاس میں سیکرٹریز کو حاضر ہونا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پری بجٹ سیشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ یہاں موجود اراکین کو ان کے حلقوں کے عوام نے منتخب کرکے اس ایوان میں بھیجا ہے وہ بجٹ سے متعلق تجاویز دیں تاکہ تمام اراکین کو سن کر اور ان کی تجاویز کو سامنے رکھ کر متوازن بجٹ پیش کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے ریکوڈک منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موجودہ حکومت نے بلوچستان کے لئے تاریخی کام کیا اور ریکوڈک میں بلوچستان کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا شیئر دلایا آج تک کسی صوبے کو کسی منصوبے میں اتنا شیئر نہیں ملا جتنا ہم نے بلوچستان کو دلایا اس سے قبل سی پیک، سیندک، پی پی ایل کسی منصوبے سے متعلق ماضی کی حکومتوں نے اتنی کشادہ دلی کا مظاہرہ نہیں کیا جس قدر اس موجودہ حکومت اور موجودہ اسمبلی نے کیا ہم نے سب کو آن بورڈ لیا انہیں بریفنگ دی اور ان کی سفارشات کو شامل کیا جس کے بعد جا کر ہم نے کامیابی حاصل کی میں اس پر اپنی کابینہ اوربلوچستان اسمبلی کے ایوان کا شکرگزار ہوں اس ہاؤس نے انتہائی بردباری سے سارے عمل کو مکمل کیا۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں کامیابی دی اور انشاء اللہ ریکوڈک کا یہ منصوبہ باقی کمپنیوں کے لئے بھی گیٹ وے ثابت ہوگا کہ وہ آئیں اور سرمایہ کریں۔اجلاس کے دوران جب اگلے مالی سال کے بجٹ پر قبل از میزانیہ بحث جاری تھی تو وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کے پاس حکومتی اور اپوزیشن اراکین یکے بعد دیگرے جاتے رہے اور بات چیت کرتے رہے جس پر جمعیت علماء اسلام کے یونس عزیز زہری نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ صاحب وزراء کو اپنے چیمبر میں بلائیں جس پر وزیراعلیٰ بزنجو نے کہا کہ آپ اپنے ممبران کو کہیں کہ وہ مجھے ڈسٹرب نہ کریں میں یہاں آپ لوگوں کو سننے آیا ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے