ٹی بی کنٹرول پروگرام کے زیراہتمام بولان میڈیکل ہسپتال میں واک کااہتمام کیا گیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ٹی بی کے عالمی دن کی مناسبت سے جمعرات کو ٹی بی کنٹرول پروگرام کے زیراہتمام بولان میڈیکل ہسپتال میں ایک واک کااہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف،نرسز اوردیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افرادنے شرکت کی۔ واک کے شرکاء سے صوبائی منیجر ٹی بی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر آصف شاہوانی،ڈپٹی پروگرام منیجر ٹی بی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر خرم لاشاری،مرسی کورکے ڈاکٹر سعید اللہ خان،بولان میڈیکل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سلطان لہڑی،ڈاکٹر خان بابر،ڈاکٹرفریحہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی بی ایک مہلک بیماری ہے مگر ٹی بی سو فیصد قابل علاج ہے اس مقصد کے لئے ٹی بی سے متاثرہ شخص کو اپنے بلغم کا معائنہ کرانا ہو گا اور پھر ڈاکٹر کی ہدایت کی روشنی میں 6ماہ تک بلا ناغہ ٹی بی کی ادوایات کو پابندی سے استعمال کر نا ہوگی ٹی بی کے علاج کے دوران دوا کے استعمال میں کسی قسم کی کو تاہی کی کوئی گنجائیش نہیں ہے کو تاہی کی صورت میں ٹی بی کا مرض پیچیدہ اور علاج طویل ترین ہو جاتا ہے لہذا 6ماہ مسلسل اور بلا ناغہ دوا کا ستعمال سو فیصد ٹی بی تپ دق سے تندرستی اور شفا دلاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر وہ شخص جس کو دو ہفتے یا اس سے زیادہ کھانسی آتی ہو، بلغم کا آنا اور یا بلغم کے ساتھ خون کا آنا بدن میں شام کے وقت ہلکا بخار رہنا بھوک کا نہ لگنا اور وزن میں کمی واقع ہونے کی صورت میں فوری اوربلا تاخیر ہسپتال جاکر ٹی بی کا معائنہ کرناچاہئے انہوں نے کہا کہ ٹی بی کنٹرول پروگرام کی جانب سے صوبے کے 139سینٹرز میں باقاعدہ تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے جہاں تمام طبی آلات،سہولیات اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور ان سینٹرز میں ٹی بی کے مریضوں کی تشخیص اور مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹی بی تیزی سے پھیل رہا ہے اس مرض کو روکنے کیلئے ڈاکٹرز،پیرامیڈیکس اسٹاف کے علاوہ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو معاشرے میں ٹی بی کی بیماری سے بچاؤ کیلئے شعور بیدار کرنے کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہونے والی واک کا مقصد بھی یہی ہے کہ عوام میں ٹی بی سے بچاؤ کے لئے آگاہی پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی بی کنٹرول پروگرام بلوچستان نے گزشتہ سال صوبے بھر میں 11ہزار 656افرادمیں ٹی بی کی تشخیص کرنے کی بعدانہیں مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام نے بلوچستان کے تمام اضلاع کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ٹی بی کی تشخیص کیلئے پی سی آر مشینیں لگائی ہیں جس کی وجہ سے زیادہ سے ذیادہ ٹی بی کے مریضوں کی تشخیص ہورہی ہے