ماضی میں توجہ نہ دینے کے بجائے بلوچستان پیچھے رہ گیا : وزیراعظم

تربت : تربت میں بلوچستان کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان باقی پاکستان سے پیچھے رہ گیا۔ بلوچستان کے سیاستدانوں نے زیادہ تر اپنا سوچا۔ سابقہ وزیراعظم نے بلوچستان سے زیادہ لندن کے دورے کیے۔ ایک صدر نے بلوچستان سے زیادہ دبئی کے دورے کیے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ زور لگائیں گے کہ بلوچستان کو اوپر اٹھائیں۔ ملک ایک گھر ہوتا ہے اور یہ نہیں ہوسکتا کہ 2 بچے آگے نکل جائیں اور باقی پیچھے رہ جائیں۔ وزیراعظم ایک گھر کے باپ کی طرح ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے دیکھنا ہوتا کہ سارے بچے ایک ساتھ ترقی کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس نوجوان آبادی ہے۔ نیا پاکستان ہاوَسنگ اسکیم اب بلوچستان لے کر آرہے ہیں۔ یہ پہلی دفعہ پاکستان میں ہورہا ہے۔ احساس پروگرام کے تحت غریبوں کو 200ارب روپے دیئے گئے۔ اللہ کا شکر ہے ہماری معیشت اوپر جارہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ماضی میں پاکستان کے سیاستدانوں نے ملک سے زیادہ اپنے آپ کو فائدہ پہنچایا۔

اس سے قبل تربت میں دارالاحساس اور وسیلہ تعلیم پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ طلبا میں تجزیہ کرنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے، طلبا کی تعلیم کیلئے ہر ممکن مدد کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین نے 70کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ چین چاہتا تھا کہ مغربی چین سی پیک کے ذریعے تیزی سے ترقی کرے۔ کبھی بھی کوئی ملک آگے نہیں جاسکتا کہ چھوٹا طبقہ امیر اور باقی غریب ہوجائیں۔ماضی میں بلوچستان میں صرف تالیاں بجا کر چلے جاتے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب بلوچستان کے طلبا کیلئےاسکالرشپس بڑھا کر 360 کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان میں اسپتال بنا رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو داد دیتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آمدنی اور خرچے میں خسارہ رہے تو وہ ملک اوپر نہیں جاسکتا۔ پاکستان نے گزشتہ 4 ماہ سے کوئی قرضہ نہیں لیا۔ پاکستان میں ریکارڈ سیمنٹ، موٹرسائیکل اور سریا فروخت ہورہا ہے۔ اسٹاک مارکیٹ ایشا کی بہترین اسٹاک مارکیٹ ہے۔ اللہ کا شکر ہے ہماری پالیسیاں کامیاب ہوئیں اور ملک او پر جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانوں میں سرمایہ کاری کیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب آرہا ہے۔ کوشش ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ دیں۔ اب ہمارے پاس وہ ٹیکنالوجی ہے کہ دور دراز علاقوں میں تعلیم دیں۔ ماضی میں توجہ نہ دینے کے بجائے بلوچستان پیچھے رہ گیا۔ بلوچستان پر سب سے زیادہ فنڈنگ کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے