اتحادی حکومت کیساتھ نہیں رہے، مولانا فضل الرحمان
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اتحادی حکومت کے ساتھ نہیں رہے۔مولانافضل الرحمان کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچے جہاں انہوں نے متحدہ کی قیادت سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کی گئی۔ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے اتحادی اب ان کے ساتھ نہیں رہے، انہیں ہمارے ساتھ ہونے کا اعلان کرنے میں ایک دو دن لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کے بعد مکمل مطمئن ہوں، تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا یقین ہے۔فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جلسوں میں جو زبان استعمال ہوئی وہ کسی شریف انسان کی نہیں، سمجھتا ہوں کہ اتنے بڑے منصب پر ایسے لوگوں کا ہونا مناصب کی بے توقیری ہے۔
اس سے قبل بہادرآباد پہنچنے پر صحافیوں نے مولانا فضل الرحمان سے سوال کیا کہ گھبرانا ہے یا نہیں گھبرانا؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم تو گھبرانے والے نہیں ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمد تقی عثمانی اور جے یوپی کے سربراہ شاہ اویس نورانی سے بھی ملاقات کی تھی۔