بلوچستان کابینہ نے اتفاق رائے سے ریکوڈک معاہدے کی منظوری دیدی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی کابینہ کے گزشتہ روز منعقد ہونے والے اجلاس کی تفصیلی خبر کے مطابق بلوچستان کابینہ نے اتفاق رائے سے ریکوڈک معاہدے کی منظوری دیدی ہے صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہفتے کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سیکرٹری محکمہ معدنیات و معدنی ترقی ظفر بخاری کی جانب سے کابینہ کو معاہدے کی تفصیلات اور ریکوڈک منصوبے سے بلوچستان کو حاصل ہونے والے فوائد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاگیا کہ پراجیکٹ کمپنی منصوبے پر 8ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی جو کہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کارہوگی مجموعی طور پر بلوچستان کو ریکوڈک منصوبے سے 33فیصدسے زائد فنانشل بینیفٹ حاصل ہوگا اور روزگار کے تقریباً8ہزار مواقع دستیاب ہوں گے معاہدے میں بلوچستان کے تمام ٹیکسوں، رائلٹی اور سی ایس آر کا تحفظ کیاگیا ہے اور علاقے کی ترقی کا خصوصی پیکج بھی شامل کروایاگیاہے سیکرٹری معدنیات نے بتایا کہ معاہدے کے تمام قانونی اور تکنیکی پہلوؤں پر رہنمائی کے حصول کیلئے لاء فرم کی خدمات حاصل کی گئیں انہوں نے ریکوڈک کے سابق اور نئے معاہدے کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا کابینہ کے اراکین کا موقف تھا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کیلئے گیم چینجز کی حیثیت رکھتا ہے وزیراعلیٰ کی قیادت میں بلوچستان حکومت نے ریکوڈک منصوبے کے نئے معاہدے میں بلوچستان کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا اور صوبے کے مفاد کے مطابق معاہدے کی تشکیل میں ٹھوس موقف اختیار کیا جس کیلئے وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ہم بلوچستان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے جارہے ہیں عرصہ دراز سے التواء کا شکار ریکوڈک منصوبے کو ہم انٹر نیشنل کورٹ سے ہار چکے تھے تاہم متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کی تین سال پر محیط محنت کے بعدآج ہم دوبارہ ایک بہتر اور جامع معاہدہ کرنے کے مرحلے تک پہنچے ہیں تنازعہ کا شکار اس منصوبے کو دوبارہ سے صحیح سمت میں ڈالنے والے تمام ادارے قابل ستائش ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کا سب سے اہم پہلو بلوچستان کے وسائل پر یہاں کے عوام کا حق ملکیت تسلیم کرکے احساس محرومی کا خاتمہ کرنا ہے کیونکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ہمیشہ سے اس بنیاد پر اکسایا جاتا رہا ہے کہ بلوچستان کے وسائل دوسرے صوبوں کیلئے بروئے کار لائے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے ریکوڈک منصوبے کیلئے بلوچستان کے عوام کی خواہشات کے مطابق ایک قابل عمل معاہدے کو یقینی بناکر یہاں کے عوام کا اعتماد بحال کرنے کی کامیاب کاوش کی ہے انہوں نے کہا کہ گذشتہ صوبائی حکومت نے منصوبے سے بلوچستان کے 10فیصد حصے پر اتفاق کیا تھا تاہم ہم نے ٹھوس موقف اپناتے ہوئے کوئی پیسہ خرچ کئے بغیر بلوچستان کیلئے 25فیصد حصہ لینے میں کامیابی حاصل کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت پوری طرح آگاہ ہے کہ ریکوڈک ہماری آئندہ نسلوں کا مستقبل ہے اور اگر ہم نے کوئی کوتاہی کی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے موقف اور شرائط سے اتفاق کیا انہوں نے کہا کہ ہم معاہدے کی تشکیل کے تمام مراحل میں کبھی پیچھے نہیں ہٹے اور صوبے کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کامیابی حاصل کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک اہم منصوبے کی تفصیلات کو عوام کے منتخب ایوان کے سامنے پیش کیاگیااور صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی تمام پیش رفت سے آگاہ رکھا گیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریکوڈک معاہدے کی حتمی منظوری اور اس پر کام کے آغاز سے پاکستان اور بلوچستان پر بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد مستحکم ہوگا اور وہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب ہوں گے ہم بین الاقوامی سطح پر یہ تاثر پیدا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں کہ بلوچستان میں ایک ذمہ دار حکومت ہے جو بلوچستان کے وسائل کو دنیا کے سامنے کھول رہی ہے تاکہ انہیں ملک اور صوبے کے معاشی استحکام کیلئے بروئے کار لایا جاسکے وزیراعلیٰ نے معاہدے کی تشکیل کیلئے بلوچستان کی ٹیم کی محنت کو سراہا کابینہ اجلاس میں ریکوڈک منصوبے کی کامیابی اور اس کے بلوچستان کیلئے مثبت اثرات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
٭٭٭٭٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے