صوبائی وزیر زمرک اچکزئی نے سیرین ایئر لائنز کے عملے کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرادی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے سیرین ایئر لائنز کے عملے کے خلاف بلوچستان اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرادی جس میں انہوں نے ایئر لائنز کے عملے کے ناروا رویہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپتان اور عملے نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی ہے جس سے بطور عوامی نمائندہ ان کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔ صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے اپنی تحریک استحقاق میں موقف اختیار کیا ہے کہ 18مارچ کو وہ سیرین ایئر کی پروازای آر546کے ذریعے کوئٹہ سے اسلام آباد جارہے تھے۔اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچنے کے بعد جہاز میں موجود معمر خاتون جس کے ساتھ زیادہ سامان تھا اور خاتون کو سامان اٹھانے میں دقت پیش آرہی تھی انہوں نے جہاز کے عملے کو خاتون کی مددکرنے اور ان کا سامان لفٹر کے ذریعے اتارنے کاکہا توجہاز کے عملے نے بوڑھی خاتون کی مدد کی بجائے بد تمیزی شروع کردی۔ صوبائی وزیر نے موقف اختیار کیا ہے کہ جہاز کے عملے نے بدتمیزی شروع کی تو میں نے انہیں کہا کہ یہ آپ کا فرض ہے کہ آپ ضعیف مسافروں کی مددکریں تو جہاز کے کپتان اور دیگر عملے نے میرے ساتھ گالم گلوچ کی انہوں نے کہا کہ سیرین ایئر کے عملے کے اختیارات سے تجاوز اور اس سنگین فعل سے نہ صرف میرا بلکہ پورے ایوان(بلوچستان اسمبلی) کا ستحقاق مجروح ہوا ہے جس کے خلاف انہوں نے اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرادی ہے اور ایوان میں ضابطے کی کارروائی کے بعد اگر تحریک کو استحقاق کمیٹی کے سپرد کیا گیا تو استحقاق کمیٹی اس حوالے سے چھان بین کرے گی اور جہاز کے عملے اور انتظامیہ کو طلب کرکے پیش آنے والے واقعے سے متعلق باز پرس کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے