ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث غریب مریض دربدرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ،سردارزادہ میرسعیدجان لانگو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما سردارزادہ میرسعیدجان لانگو نے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی6ماہ سے جاری ہڑتال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث غریب مریض دربدرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں صوبائی حکومت بھی تاحال ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم کرانے میں ناکام رہی ہے،ڈاکٹرز فوری طور پراپنی ہڑتال کو ختم کرکے غریب مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو ملاقات کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سردارزادہ میر سعید جان لانگو نے کہا کہ کوئٹہ کے بڑے سرکاری ہسپتالوں سول ہسپتال، بولان میڈیکل ہسپتال،شیخ زید ہسپتال سمیت دیگرسرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز گزشتہ 6ماہ سے ہڑتال پر جس کی وجہ سے غریب مریضوں اورانکے اہل خانہ کو شدید ذہنی کوفت کاسامنا ہے اور غریب عوام پرائیویٹ ہسپتالوں میں مہنگے داموں علاج کرانے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال پر ہیں جبکہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں غریب عوام کا دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ڈاکٹرز غریب عوام کو علاج معالجے کی سہولیات تو فراہم نہیں کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب گھروں میں بیٹھ کرتنخواہیں اوردیگر مراعات حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت فوری طور پر ڈاکٹروں کی ہڑتال کو ختم کرانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے اور غیر قانونی طور پرہڑتال پر بیٹھے ڈاکٹروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور سرکاری ہسپتالوں میں جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے