وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی استحکام اورعوامی مسائل کے حل کو ترجیہات کا حصہ بنایا ہے، فرح عظیم شاہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت عوامی مینڈیٹ کے مطابق صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی، استحکام اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیہات کا حصہ بنایا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو حکومت مخالف عناصر کے بے بنیاد دعووں پر رد عمل دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہے، بلوچستان کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لئے موثر حکمت عملی مرتب کی گئی ہے، سیاسی ناقدین بے بنیاد دعووں سے عوام کی انکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو، کی قیادت میں صوبائی حکومت نے 4 ماہ کے مختصر مدت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں، موجودہ حکومت نے مختصر مدت میں بلوچستان اسمبلی سے 12 بلوں کو منظور کرایا ہے، ای ٹینڈرنگ سسٹم کے اغاز سے صوبے میں ترقیاتی عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، انہوں نے کہاکہ صوبے بھر میں صحت کارڈ کی منظوری اورعوام کو روزگار کی فراہمی کے لئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں، بلوچستان میں سمندری حدود میں غیرقانونی ٹرالنگ اور قومی شاہراہوں پر غیر قانونی چیک پوسٹوں کے خاتمے جیسے اقدامات سے عوام کے دیرینہ مسائل کو حل کیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، موجودہ حکومت عوامی طاقت سے مفاد پرستوں کے عزائم ناکام بنا رہی ہے،انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسی اور اقدامات روزروشن کی طرح عیاں ہیں، ترقی مخالف عناصر پروپیگنڈوں کے بجائے اپنا احتساب کریں، بلوچستان حکومت میں شامل تمام جماعتیں صوبے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہیں۔