ڈاکٹرربابہ خان بلیدی سے نوابزادہ میر گہرام خان بگٹی اور ایم پی اے قادر نائل کی ملاقات
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور و چیئرپرسن وویمن پارلیمنٹرین کاکس فورم ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے جمعرات کو یہاں مشیر برائے محنت و افرادی قوت نوابزادہ میر گہرام خان بگٹی اور ایم پی اے قادر نائل نے ملاقات کی اور بلوچستان میں لیبر لاز، ہیلتھ اور پرو وویمن لیجسلیشن سمیت مختلف شعبوں میں ہونے والی قانون سازی اور گورننس سے متعلق تبادلہ خیال کیا، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے قبائلی علاقوں سمیت جملہ دیہی و شہری علاقوں میں قانون کی بالا دستی اور مفاد عامہ سے متعلق ضروری قوانین کی تشکیل اور عمل درآمد کے حوالے سے کام جاری ہے اور تمام انتظامی محکموں اور پبلک سیکٹر کے اداروں کی رہنمائی و قانونی معاونت کے امور بطریق احسن جاری ہیں انہوں نے کہا کہ خواتین، نوجوانوں مزدور و محنت کش افراد سمیت نظر انداز طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات کو موثر بنایا جارہا ہے اور اس ضمن میں تمام اراکین اسمبلی کے مابین اتفاق رائے سے زیر التواء مسودہ قانون پر پیش رفت کے لئے کوششیں کی جاررہی ہیں اس موقع پر نوابزادہ میر گہرام خان بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے قبائلی معاشرے میں خواتین کو عزت و احترام کا مثالی مقام حاصل ہے اور ازدواجی معاملات زندگی میں تلخی اور علیحدگی کی صورت میں مردوں کو پابند کیا جاتا ہے کہ وہ خواتین کو اپنی استعداد کے مطابق روز مرہ اخراجات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ تعلیم اور شعور کے ذریعے ہی پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے نوابزادہ میر گہرام خان بگٹی نے بحثیت رکن بلوچستان اسمبلی ایکٹ کے تحت بلوچستان اسمبلی میں قائم فورم ڈبلیو پی سی فرینڈ بننے پر رضا مندی کا اظہار کرتے ہوئے پرو وویمن لیجسلیشن سمیت انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہونے والی قانون سازی میں بھرپور حمایت کا یقین دلایا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مشیر لیبر و مین پاور نوابزادہ میر گہرام خان بگٹی اور ایم پی اے قادر نائل کی جانب سے نوجوانوں، خواتین اور نظر انداز طبقات سے متعلق کی جانے والی قانون سازی میں حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بلوچستان کے عوام کی بہتری کے لئے اجتماعی اقدامات پر مشترکہ موقف اپنانے کا عزم ظاہر کیا۔