ہمارا کسی سے ذاتی اختلاف نہیں نظریاتی اختلاف ہوسکتاہے، ملک عبدالولی کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں عبدالقدوس بزنجو حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے،امن وامان کی صورتحال مخدوش،لوٹ مار،اقرباء پروری اور ون مین شو جاری ہے، صوبے کے عوام حکومت سے مایوس ہوگئے ہیں،بلوچستان نیشنل پارٹی عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے اخری حد تک جائے گی۔یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں بی این پی کے جنرل سیکرٹری واجہ جہاں زیب بلوچ اور اراکین صوبائی اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی، ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا کہ موجودہ دورحکومت میں بھی جام کمال کے دور کی باتیں دہرائی جارہی ہیں،ہمارا کسی سے ذاتی اختلاف نہیں،نظریاتی اختلاف ہوسکتاہے،سینئرنائب صدربی این پی نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ حکومت سے مایوس ہوگئے ہیں، امن وامان کی صورتحال روزبروز خراب ہوتی جارہی ہے، دھماکوں اور دیگر واقعات کے باعث لوگ گھروں سے نکلنے سے ڈر رہے ہیں،بلوچستان میں سرعام ملازمتیں فروخت کی جارہی ہیں،ملک عبدالولی کاکڑ نے الزام عائد کیا کہ اقتدار مضبوط کرنے کیلئے سیندک منصوبے میں پندرہ سال کی توسیع کی گئی جبکہ ریکوڈک کو بھی کوڑیوں کے بھاؤ فروخت کرنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں، اس موقع پر بی این پی کے جنرل سیکرٹری واجہ جہاں زیب بلوچ نے کہا کہ صوبے میں جاری مبینہ لوٹ مار کے خلاف بی این پی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی میں اور اسمبلی کے باہر احتجاج کرے گی۔