کرپشن کے بازار کا حصہ بننے سے انکار کیا اب ایک ممبر کے طور پر نااہل لوگوں کا محاسبہ کروں گا، میر ظہور بلیدی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ میرے حلقے کی عوام نے میرے خاندان کو 8 دفعہ اور مجھے2 دفعہ ایوان میں نمائندگی کیلئے منتخب کیا ہمارا خاندان خدمت کی سیاست کرتا ہے نہ کہ عہدوں کی وزارتیں بھی ہمارے لئے نئی نہیں مجھے 2008 میں کم عمر وزیر بننے کا اعزاز حاصل ہوا عوام کے مفاد اور وزارت میں سے فیصلہ میرے لیے مشکل نہیں یہ بات انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہی انہوں نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کا قلم دان واپس لینے پر رد عمل میں کہا کہ مجھے فخر ہے میں نے عوام کے حقوق اور صوبے کے مستقبل کا سودا کرنے کی بجائے مزاحمت کا فیصلہ کیامیں نے کابینہ کے آئینی فورم پر غریب صوبے کے 30 ارب کے وسائل کی بندر بانٹ پر آواز اٹھائی اور اس کرپشن کے بازار کا حصہ بننے سے انکار کیا اب ایک ممبر کے طور پر نااہل لوگوں کا محاسبہ کروں گاانہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام بے چینی اور پسماندگی کا شکار ہیں لیکن محکموں میں نوکریوں اور ٹھیکوں کی بولی لگی ہوئی ہے کچھ وزراء براہ راست ملوث ہیں میں نے الحمدللہ اسمبلی کے فلور پر اور کابینہ کے اجلاس میں اس مکروہ عمل کی مخالفت کی۔ انشاء اللہ عوامی مفادات کو کسی کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے۔