آئے روز دہشتگردی کے واقعات میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، شکیلہ نوید دہوار

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی ویمن سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے پشاور کے قصہ خوانی بازار دھماکہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور اسلام آباد میں پرامن احتجاج میں شریک طلباء پرطاقت کے استعمال اور ان کیخلاف سنگین مقدمات کے اندرج کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ آئے روز دہشتگردی کے واقعات میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے موجودہ حالات اور تھریٹس کے باوجود پشاور قصہ خوانی بازار دھماکے میں 50 سے زائد افراد کی شہادت قیام امن کے ذمہ داروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے بدقسمتی سے بلوچستان اور کے پی کے میں سیکورٹی ادارے اپنے وسائل اور توانائی امن قائم کرنے کی بجائے سیاسی کارکنوں کا راستہ روکنے کیلئے بروئے کار لارہے ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاج پر بیٹھے طلباء پر سنگین مقدمات کا اندرج طلباء کے گرد مزید گھیرا تنگ کرنے کی ناکام کوشش ہے ایسے غیر سنجیدہ رویوں سے نفرتوں اور محرومیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی طلباء کے پرامن احتجاج کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے ہر فورم پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے کسی کو بلوچستان کے طلباء کو ہراساں کرنے اور ان کے آئینی اور جمہوری احتجاج میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے قصہ خوانی بازار دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ اس مشکل اور دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے