مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کے لئے پر عزم ہیں، سینیٹر ثمینہ زہری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بالا کوٹ میں بھارتی فضائی جارحیت کے منہ توڑ جواب دینے اور بھارتی جہاز گرانے کے تین سال مکمل ہونے کے حوالے سے اپنے بیان میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 فروری 2019 پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش اور قابل فخر دن ہے اس دن پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان ایک امن پسندملک ضرور ہے لیکن اگر کسی نے ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاش پاش ہوجائے گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بالاکوٹ پرتین سال پہلے بھارتی جارحیت نے خطے کے امن کوخطرے سے دوچار کیا جوابی کارروائی سے پاکستان نے ایک ذمہ داراورخودمختار ملک ہونے کے ناطے اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیااور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو تین سال مکمل ہوگئے ہیں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں پاکستان نے بھارت کی ناکام جارحیت کا بھرپور جواب دیاتھا۔ پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے دو جنگی طیارے مار گرانا بڑی کامیابی تھی۔پاکستان کی فضائیہ اور اپنے شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کے دانت کھٹے کئے اور دنیا کو دکھایا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اس امن پسندی کو ہماری کمزور نہیں سمجھا جائے۔انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان شیر، دلیر اورجذبہ ایمانی سے لیس ہیں پوری قوم اپنی جری افواج کے ساتھ ہے۔ بھارتی طیارے مارگرانے اور پیشہ وارانہ قابلیت کا لوہا منوانے والے جانباز شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے ملک اور اپنی قوم کے تحفظ اور دفاع کے حوالے سے ہمارا عزم نہایت پختہ اور غیرمتزلزل ہے۔پاکستان کی سلامتی، ترقی، دفاع اور اس سے متعلق ہر اندرونی و بیرونی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان ایک تھاایک ہے اور ایک رہے گا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کے لئے پر عزم ہیں اور قوم کا یہی عزم اورمسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت ہر مشکل وقت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ جارحیت کے جواب میں صرف ہتھیار اور تعداد نہیں بلکہ قوم کا عزم اورمسلح افواج کی آپریشنل صلاحیت معنی رکھتی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی کسی بھی اندرونی و بیرونی جارحیت کا بہادر افواج پاکستان پوری قوم کے ساتھ مل کر بھرپور اور سخت جواب دیں گی اور انشاء اللہ تعالیٰ ہرسطح پر غالب رہیں گی۔