تمام ادارے قابل احترام، کسی فرد کا نام لینا جرم نہیں ہے ، مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تمام اداروں کو قابل احترام قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ کسی فرد کا نام لینا جرم نہیں ہے، معاملے کو سیاسی نہ بنایا جائے۔
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کا دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام کا سکون اور عزت نفس چھین لی گئی ہے۔ پی ڈی ایم کا اصل ہدف پاکستان میں حقیقی جمہوری نظام کی بحالی ہے۔ ہم نے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لیے ایک میثاق طے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ تمام جماعتیں متفقہ میثاق کے لیے 13 نومبر کو اپنی تجاویز پیش کریں گی جبکہ 14 نومبر کو اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں کراچی میں مریم نواز اور ان کے شوہر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی گئی جبکہ آرمی چیف کی تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ تاحال نہ آنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وزیر داخلہ کے بیان پر احتجاج کیا گیا۔ ریاست کی سطح پر مسلم لیگ (ن) کو بھی دھمکی دی گئی۔ مخالفین کو عدالتوں میں گھسیٹا جا رہا ہے اور اپنے کیسز التوا میں جا رہے ہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں سپریم کورٹ کے ریمارکس انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں لیکن اگر سیاستدانوں کا نام لیا جاتا ہے تو ادارے کے کسی اور فرد کا نام لینا بھی جرم نہیں ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے خلاف آئے روز مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صاف ظاہر ہے فارن فنڈنگ کیس کی دال میں سب کچھ کالا ہے۔ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیوں زیر التوا ہے؟