لوٹوں کو گھر پہنچاؤ، ووٹ ڈال کر اس پر پہرہ بھی دینا ہے: مریم نواز
دیامر: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اگرشیرکھڑا ہوگیا تو گیدڑ دوڑ لگا دے گا۔ انہوں ںے کہا کہ گلگت بلتستان کے چیف منسٹر اب بھی ہمارے دل کے سی ایم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس نے وفا نبھائی وہ سونے میں تولنے کے قابل ہے۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ آج اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ دیا مر آئی ہوں۔ انہوں نے لیگی کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے شیرو میں آپ کو سلام پیش کرتی ہوں۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ الیکشن آیا نہیں لیکن دھاندلی شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے ووٹ کو چوری مت ہونے دینا۔
ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ سنا ہے کہ یہاں سے ن لیگ کا امیدوارلوٹا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوٹوں کو گھر پہنچا کرآؤ۔ ان کا کہنا تھا کہ جو اپنے لیے کھڑا نہیں رہ سکتا ہے تو وہ کارکنان کے لیے کیا کھڑا ہوگا؟ انہون نے کہا کہ روایت قائم کرو کہ ایسے لوگوں کو گھر پہنچا کر آؤ۔
مریم نواز نے اپنے خطاب میں شرکا سے استفسار کیا کہ دباؤ آنے پر لوٹا بننے والا کیا آپ کے ووٹ کا حقدار ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ آپ نے دھاندلی کا منصوبہ ناکام بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈال کر اس پر پہرہ بھی دینا ہے۔
شرکائے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنی ترقی، خوشحالی اور سستی روٹی کے لیے ووٹ دینا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ گلگت بلتستان اور پاکستان کی خوشحالی کو ووٹ دینا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھاشا ڈیم متاثرین کو معاوضہ ملنا چاہیے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔