چیئرمین اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھنے کا عندیہ دے دیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین نے یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھنے کا عندیہ دے دیا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں چیئرمین اوگرامسرور خان نے بتایا کہ 12 ہفتوں میں تیل کی جو قیمت بڑھی ہے اس کی نظیر نہیں ملتی، جیسے قیمتیں بڑھیں گی اس کا بوجھ عوام پر پڑے گا۔علاوہ ازیں یہ بات بھی سامنے آئی کہ پیٹرولیم ڈویژن نے مارچ کیلئے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کا ایک اور مہنگا کارگوخرید لیا ہے، کارگو 25 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کے ریٹ پر خریدا گیا ہے۔
اس معاملے پر قائمہ کمیٹی کے ن لیگ سے تعلق رکھنے والے رکن مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ مہنگی ایل این جی کی خریداری حکومت کی ناکامی ہے۔خیال رہے کہ یوکرین اور روس کے درمیان حالیہ کشیدگی کی وجہ سے بھی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔حکومت نے 15 فروری کو پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول 159 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔