کراچی پورٹ پر چینل کی بندش کا دوسرا روز، کے پی ٹی انتظامیہ اور ماہی گیروں میں ڈیڈلاک برقرار
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) کراچی پورٹ پر چینل کی بندش کا دوسرا روز ہے۔ کے پی ٹی انتظامیہ اور ماہی گیروں میں ڈیڈلاک برقرار ہے۔ماہی گیروں کا احتجاج آج دوسرے دن بھی جاری ہے۔ احتجاج کی وجہ سے پورٹ بند ہوئے بیس گھنٹوں سے زائد کا وقت ہو چکا ہے۔ ماہی گیروں نے سمندر میں چینل کی طرف سے آنے والے راستوں پر کشتیاں کھڑی کی ہوئی ہیں۔ انتظامیہ ماہی گیروں سے چینل خالی کرانے کیلئے بات چیت کر رہی ہے۔
گزشتہ روز چئیرمین کے پی ٹی اور مشیر وزیراعظم محمود مولوی نے ماہی گیروں سے مذاکرات کیے لیکن مذاکرات بلانتیجہ ختم ہو گئے۔ پورٹ انتظامیہ کے مطابق چینل بندش کے باعث اب تک چودہ جہاز پورٹ پر لنگرانداز نہیں ہو سکے۔ حکومت کو ڈیمجنز کی مدد میں لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہو چکا ہے۔ماہی گیروں کا مطالبہ ہے کہ انہیں بلوچستان سمیت دیگر سمندری حدود میں شکار کی اجازت دی جائے۔ کشتیاں ضبط کرنے اور بھاری جرمانوں کو بھی روکا جائے۔امکان ہے کہ آج انتظامیہ اور ماہی گیروں کے نمائندوں کے درمیان دوبارہ مزاکرات ہونگے۔