عبدالقادر بلوچ کا ن لیگ چھوڑنے کا باضابطہ اعلان

کوئٹہ : پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما عبدالقادر بلوچ نے پارٹی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف اداروں میں بغاوت کی کوشش کر رہے ہیں۔ فوج کے خلاف باتیں کرنے والوں کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عزت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، پی ڈی ایم جلسے کے بعد ن لیگ سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد سیاست کرنی ہے یا کسی اور پارٹی میں جانا ہے اس حوالے سے جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو چھوڑنے کا فیصلہ پہلے کرلیا تھا مگر نواب ثنااللہ نے کہا اعلان اس وقت کریں جب آپ کے شایان شان تقریب ہو۔ان کا کہنا تھا کہ عزت دینے پر عوام کا شکر گزار ہوں، دو دن کے نوٹس پر لوگ جمع ہوئے ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 2010 میں ن لیگ میں شامل ہوئے،2013میں ثنااللہ زہری نے اپنے بیٹے،بھائی اور کزن کی قربانی دی،نواب ثنااللہ زہری نے جو عزت دی اس کو نہیں بھولوں گا۔

عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ دو قوم پرست پارٹیوں نے ثنااللہ زہری کو پارلیمانی لیڈر مقرر کیا،ن لیگ کو ہم نے 22 ارکان کی حمایت دلوائی۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور چودھری نثار ہم سے ملے بغیر چلے جاتےتھے، نوازشریف نے اپنے دور میں ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی، بلوچستان سے تعلق ہونے کے باوجود مجھے فاٹا کا وزیر بنایا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے