عوام میں شجرکاری سے متعلق خاص آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے،مطہر نیاز رانا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، ماحول کو خوشگوار اور آلودگی سے پاک بنانے کے لئے معاشرہ کے ہر فرد کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے چاہیے،عوام میں شجرکاری سے متعلق خاص آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ان میں پودے لگانے کا زیادہ سے زیادہ شوق پیدا ہو اور زیادہ سے زیادہ درخت اور پودوں کو لگا کر اپنے صوبے کو سرسبز و شاداب بنا سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوائے اسکاؤٹس میں شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ شہروں کے اندر اور باہر زیادہ سے زیادہ پودے لگائے تاکہ کوئی جگہ خالی نہ رہے،وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خواہش اور وژن ہے بلوچستان سمیت پورا ملک ہرا بھرا ہو اور اس میں عوام کا تعاون ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ شجرکاری کیلئے ماحول دوست پودوں کا انتخاب کیا جائے جو صوبے کے موسم کے مطابق ہوں اور مہم کے دوران لوگوں کو شجرکاری کی اہمیت اور ماحول پرسبزے کے مفید اثرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ماحولیات، قدرتی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے جنگلات کے پھیلاو اور سبزے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، انہوں نے مہم میں شریک اسکاؤٹس کے رضاکاروں کو ماحول کو بہتر بنانے میں درختوں کی اہمیت اور کردار زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ قدرت کے اس انمول تحفے کو ضیاع ہونے سے بچائیں اور جہاں تک ہو درختوں کی حفاظت کریں تاکہ فضاء صاف رہے جس سے ہر ایک مستفید ہو، چیف سیکرٹری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شجر کاری کے بعد پودوں کی نگہداشت اور انہیں پانی کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں، اس موقع پر سیکرٹری جنگلات دوستین جمالدینی نے شجر کاری مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بوائے اسکاؤٹس میں نوجوانوں کی سرگرمیوں کے لئے 30 لاکھ گرانٹ کا بھی اعلان کیا، دریں اثنا چیف سیکرٹری بلوچستان نے بوائے اسکاؤٹس کے احاطے میں درخت لگاکر شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا، اس موقع پر ایس ایم بی آر ارشد مجید، چیئرمین وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم عبد الصبور کاکڑ، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی عبد الرحمن بزدار بھی موجود تھے۔