حکومت بلوچستان کی عدم توجہ کی باعث طلباء احتجاج پرہیں، راحب بلیدی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان بار کونسل کے چیئرمین بین الصوبائی راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ اور جلیل لانگو ایڈووکیٹ کے ہمراہ پی ایم سی کے خلاف مکران جھالاوان اور لورالائی میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات کے تادم مرگ بھوک ہڑتال کیمپ میں ان طلباء کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اس موقع پر تادم مرگ بھوک ہڑتال کیمپ میں موجود طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان بار کونسل کے چیئرمین بین الصوبائی راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی ایم سی کی غلط پالیسوں اور حکومت بلوچستان کی عدم توجہ کی باعث طلباء احتجاج پر ہیں،انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو چاہیے کہ وہ طلباء کے مسائل پر ٹھوس اقدامات اٹھائیں طلباء اس وقت اپنے مطالبات کے حق میں تادم مرگ بھوک ہڑتال کئے ہوئے ہیں جس سے طلباء کے زندگیاں خطرے میں ہیں، انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات نے بلوچستان ہائیکورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہے لیکن پی ایم سی کی جانب سے طلباء و طالبات کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے طلباء کو احتجاج پر مجبور کیا گیا ہے،بیان میں کہا کہ بلوچستان بار کونسل طلباء کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے اور انکے اس جدوجہد میں طلباء کے ساتھ ہیں۔