بلوچستان سے پراسرار لاشیں برآمد
حب (ڈیلی گرین گوادر)کراچی سے جڑے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے پراسرار لاشیں ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔گزشتہ روز حب کے قریب سے ملنے والی لاش کو ہتھکڑی لگی تھی جبکہ اسی علاقے سے حب ندی میں تیرتی زنجیروں سے بندھی لاش بھی کراچی پہنچی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ویسٹ سہائی عزیز کے مطابق رات گئے منگھو پیر کے علاقے میں حب ڈیم سے کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی حب کینال سے جوان العمر شخص کی ایک لاش ملی، جسے زنجیروں سے باندھا گیا تھا، لاش بلوچستان سے تیرتے ہوئے کراچی کی حدود میں پہنچی۔سہائی عزیز کے مطابق لاش کی شناخت نہیں ہو سکی، نادرا حکام سے رابطہ کر کے بائیو میٹرک کے ذریعے متوفی کی شناخت کی جائے گی۔لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا پوسٹ مارٹم جاری ہے۔
حب میں لسبیلہ کے قریب ڈام کے ساحل سے بھی 2 روز قبل ایک شخص کی ہتھکڑی لگی لاش برآمد ہوئی تھی جسے ایدھی فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے آر ایچ سی وندر اسپتال منتقل کیا تھا، لاش کی فوری شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ایدھی ذرائع کے مطابق لاش کے کپڑوں اور وضع قطع سے متوفی کا کسی کھاتے پیتے گھرانے سے تعلق ظاہر ہوتا ہے۔ایس ایچ او تھانہ وندر قاضی صابر کے مطابق اس لاش کو پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے کی غرض سے کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔