اسلام آباد میں فائرنگ سے سب انسپکٹر شہید، آئی جی کا نوٹس
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) تھانہ بھارہ کہو کے علاقے میں فائرنگ سے سب انسپکٹر لیاقت علی شہید ہوگئے جس آئی جی اسلام آباد نے نوٹس لے لیا۔اسلام آباد میں تھانہ بھارہ کہو کے علاقہ میں گاڑی پر سوار ملزمان نے ایک شہری پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے، گشت پر موجود لیاقت علی سب انسپکٹر اور جوانوں نے ملزمان کا تعاقب کیا جس پر ملزمان نے پولیس ٹیم پر بھی فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر لیاقت علی شہید جب کہ ایک ملزم کو زخمی ہوا جسے گرفتار کرلیا گیا جب کہ پولیس ٹیموں نے علاقے کی ناکہ بندی کردی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔واقعے کا آئی جی اسلام آباد نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔