مسکان کا اللہ اکبرکا نعرہ، مریم نواز کا مسلم طالبہ کو بھرپوراندازمیں خراج تحسین

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھارتی ریاست کرناٹک کے کالج سے شروع ہونے والے حجاب تنازع پر انتہا پسند ہندوؤں کے سامنے ‘اللہ اکبر’ کا نعرہ بلند کرنے والی بہادر بیٹی مسکان کو خراج تحسین پیش کردیا ہے۔

بھارت بھر میں اس وقت حجاب تنازع شدت اختیار کرچکا ہے اور سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بن چکا ہے، گزشتہ روز باحجاب مسلم طالبہ مسکان کی جانب سے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں اللہ اکبر کے نعروں کی گونج ہے اور مودی سرکار کو سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے سینکڑوں گیدڑوں کے سامنے اللہ اکبر کا نعرہ بلند کرنے والی مسکان پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بن چکی ہیں اور سوشل میڈیا انہیں کی ویڈیو اور تصاویر سے بھرا پڑا ہے۔

اسی تناظر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مسکان کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پروفائل پر مسکان کی مزاحمتی تصویر کو لگادیا خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے حجاب تنازع پر کہا تھا کہ نریندرمودی کے بھارت میں جو کچھ ہورہا ہے وہ خوفناک ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے بھارتی ریاست کرناٹک میں حجاب تنازع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے لکھا کہ بھارتی معاشرہ غیرمستحکم قیادت میں تیزی سے زوال پذیرہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ حجاب پہننا کسی بھی دوسرے لباس کی طرح ذاتی پسند ہے، شہریوں کوحجاب کے انتخاب میں آزادی ہونی چاہیے۔ بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج ملک گیر تحریک بن گیا، کولکتہ میں مسلمان طالب علم سڑکوں پر نکل آئے اور اللہ اکبر کے نعرے لگاتے رہے جبکہ کرناٹک ہائی کورٹ نے حجاب پر پابندی کا کیس لارجر بینچ کو بھیج دیا۔

کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں ایک کالج سے شروع ہونے والا حجاب پر پابندی کا تنازع ملک گیراہمیت اختیارکر گیا اورپاک بھارت سوشل میڈیا پر آج بھی حجاب ہی چھایا رہا حجاب تنازع پر بھارت کے کئی شہروں میں مسلمان طالب علم سراپا احتجاج ہیں، کولکتہ میں مسلمان طالب علموں نے مظاہرہ کیا گیا، اللہ اکبر کے نعرے لگائے اور حجاب پر پابندی کو مسترد کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے