ہمارا مقابلہ ڈاکوؤں کے ٹولے سے ہے،عمران خان
بہاولپور ا(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم عمران خان نے تنقید کرنے والوں سے سوال کرتے ہوئے کہا نااہل حکومت دنیا میں ٹاپ تھری پوزیشن پر کیسے آگئی؟۔بہاولپور میں قومی صحت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملکی معیشت میں 5.37 فیصد گروتھ ہوئی، احساس پروگرام کو دنیا میں چوتھے نمبر پر قرار دیا گیا۔ بلوم برگ اور ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی۔ سابقہ دو سربراہوں کی کرپشن پر عالمی جریدوں نے بھی رپورٹ جاری کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ڈاکوؤں کے ٹولے سے ہے، کہتے ہیں ہمیں این آر او دے دو اور غریبوں کو جیل میں ڈالو۔ مزید بولے کہ نااہل شخص کو بچانے کیلئے بار کونسل سپریم کورٹ چلی گئی، پھر قیدیوں کا کیا قصور، جیلیں ختم کرنے کی درخواست بھی دے دیں۔عمران خان نے کہا کہ شریف شوگر مل کے چپڑاسی کی اکاؤنٹ میں 4 ارب روپے کہاں سے آگیا؟، تین بار وزیراعظم بننے والوں کے بچے بیرون ملک بیٹھے ہوئے ہیں، بچوں سے پوچھو پیسہ کہاں سے آیا تو کہتے ہیں ہم تو پاکستانی شہری نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ برطانیہ گیا تو پہلی مرتبہ ایک فلاحی ریاست کو دیکھا، برطانیہ میں پیسے دینے والوں اور مفت علاج کروانے والوں میں فرق نہیں کیا جاتا۔ مزید کہا کہ مسلمانوں میں شاید ہی میں نے کبھی کوئی فلاحی ریاست دیکھی ہو۔ وزیراعظم مزید بولے کہ پنجاب، کے پی، بلوچستان، گلگت اور آزاد کشمیر میں صحت کارڈ دیئے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت صرف صحت پر 400 ارب روپے خرچ کرے گی۔ صحت کارڈ سے پورے ملک میں صحت کے نظام میں انقلاب آئے گا۔وزیراعظم عمران خان نے بہاولپور میں شہریوں میں قومی صحت کارڈ تقسیم کیا۔