جمہوری نظام میں اختلاف ہر شخص کا حق ہے، سید ظہور آغا
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے حزب اقتدار اور حزب اختلاف کو ہر قسم کے ذاتی اختلافات کو بھلا کر ملک وصوبے کے مفادات کو آولیت دینی چاہیے. انہوں نے کہا کہ سیاست میں مفاد خلق کی پاسداری ہی قیادت کی وقار و عظمت کا باعث ہے. گورنر بلوچستان نے صوبے بھر کے تمام سنجیدہ اور فہمیدہ سرکردہ سیاسی افراد پر زور دیا کہ وہ غریب اور محروم لوگوں کے حقوق کی پاسداری اور معاشی آسودگی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ملاقات کے دوران ملک وصوبے کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں، سرکاری ملازمین کے مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ جمہوری نظام میں اختلاف ہر شخص کا حق ہے لیکن ہمیں جمہوریت کے دائرے میں رہ کر عوامی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ عوام کو تمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں.