موجودہ کرپٹ ٹولے نےمحنت ضائع کر دی، شہباز شریف
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ کرپٹ ٹولے نے ساری محنت ضائع کر دی۔قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ حکومت کرپٹ اور چور ہے۔ عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے اس لیے کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک حکمرانوں کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا جبکہ عمران خان کی حکومت میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ کرپشن عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوسناک ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ دکھ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی جبکہ مسلم لیگ ن کے دور میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہو کر 117 پر آگئی تھی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں ترقی ہوئی تھی لیکن موجودہ کرپٹ ٹولے نے محنت ضائع کر دی۔