بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے ملکی وغیر ملکی سطح پر سکالرشپ پروگرامزموجود ہیں ، ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)معاشرے میں تبدیلی لانے کے لئے نوجوان نسل کوجدید طرز تعلیم کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بلوچستان کے عوام کو پسماندگی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے جدید و اعلیٰ تعلیم کے مواقع پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے تعلیم کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ جدید طرز تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی اور وقت کا تقاضا ہے کہ آج کے مقابلہ کے دور میں جدید اور اعلیٰ تعلیم نوجوان نسل کو جدید طرز تعلیم سے روشناس کرایا جائے جو کہ ان کا پہلا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال تعلیم کا دن منایا جاتا ہے لیکن یہ صرف ایک دن کی بات نہیں کہ اس دن کے موقع پر سیمینارز اور تقریبات منعقد کی جائیں اور اچھی اچھی باتیں کر کے یہ دن منایا جائے بلکہ تعلیم کے فروغ کے لئے عملی اقدام کی ضرورت ہے جس پر وفاقی و صوبائی حکومتیں دن رات کوشاں ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دنیا میں آج جن قوموں نے ترقی کی ہے انہوں نے سب سے زیادہ تعلیم پر توجہ دی ہے تعلیم کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے تعلیم اور دیگر فنی شعبوں میں بہت سے مواقع متعارف کرائے جارہے ہیں اس سلسلے میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے ملکی و غیر ملکی سطح پر سکالر شپ پروگرامز موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کر کے بلوچستان کے نوجوان مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کر کے ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔بلوچستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہماری اصل طاقت اور سرمایہ ہے انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کوجدید طرز تعلیم سے روشناس کرا کر صوبہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی نوجوان نسل کے لئے زیادہ سے زیادہ جدید و اعلیٰ طرز تعلیم کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور وہ یہ ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا رہی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے امید ظاہر کی کہ نوجوان نسل معاشرے کی ترقی اورروشن مستقبل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور ہرشعبے میں جدید علمی و فنی تعلیم حاصل کر کے دنیا کے لئے اعلیٰ مثال قائم کریں گے اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے ایک نئی راہ متعین کریں گے۔