قاسم خان سوری سے زبیدہ جلال کی ملاقات،شمالی بلوچستان کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد:ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے ڈپٹی اسپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، صوبے کے عوام کو درپیش مسائل اور ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے تاہم ماضی میں اس صوبے کو نظرانداز کیا جاتا رہا اور صوبے کے عوام کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے صوبے کے عوام احساس محرومی کا شکار ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی طرف سے بلوچستان کی ترقی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور ان کی ہدایت پر صوبے میں کئی میگا ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ قاسم خان سوری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگااور صوبے کے عوام میں پائے جانے والی احساس محرومی کا خاتمہ ہوگا وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے بلوچستان کی ترقی کے لیے ڈپٹی اسپیکر کی گہری دلچسپی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والے کام کی تفصیلات سے آگا ہ کیا۔ انہوں کہا کہ حالیہ بجٹ میں بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں اور وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اس وقت کئی منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے صوبے میں روزگار کینئے مواقع پیدا ہونگے اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا انہوں نے ڈپٹی اسپیکر کو یقین دلایا کہ بلوچستان کے عوام کو ان کے حقوق دلانے اور صوبے کے تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروغ گذاشت نہیں کیا جائے گا۔ ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان کے رواں ماہ کے دوران متوقع دورہ شمالی بلوچستان جس میں وہ شمالی بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے پر بھی گفتگو ہوئی اور اس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے