حکومت ہفتوں اورمہینوں کی نہیں چند دنوں کی مہمان ہے، مریم نواز
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ چار لیگی ارکان کی ڈیل کی افواہیں مت پھیلائیں، ڈیل کی باتیں کرنے والے حربے اچھی طرح جانتے ہیں، وزرا کے بیانات سے لگتا ہے ان ہاؤس چینج چند دنوں کی بات لگ رہی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بدترین حالات کے باوجود نوازشریف کا ایک ایم پی اے بھی نہیں ٹوٹا، پاکستان اب یہ حکومت ایک دن کیلئے بھی برداشت نہیں کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے عدالت نے ثبوت مانگے نیب بہانے کر رہی ہے، حیران ہوں کہ یہ وہی نیب ہے جس نے روزانہ سماعت کی درخواست دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے، ان کے کابینہ ارکان ان کی کارکردگی کیخلاف بات کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن آزمائشوں کے باوجود نہیں ٹوٹی، کہا جا رہا ہے مسلم لیگ ن کے 4 افراد ان سے ملے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کا انجام بہت قریب ہے، مری میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، عوام اب یہ حکومت ایک دن کیلئے بھی برداشت نہیں کرسکتی، شہباز شریف سیلاب کے پانی میں اترتے تھے تو انہیں شوباز کہا جاتا تھا، لگتا تھا عمران خان شہباز شریف سے بوٹ مانگ کر لوگوں کی مدد کو جائیں گے۔انہوں نے یہ دعویٰ بھی کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھے ہونے کے باوجود بھی ان کے ممبران ان کی عزت نہیں کرتے، یہ جو شوشے چھوڑے جارہے ہیں وہ قوم بھی جانتی ہے، جو اِن کے حالات دیکھ رہی ہوں یہ مہینوں اور ہفتوں نہیں، چند دنوں کی بات لگ رہی ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جب بھی اس حکومت کے دور میں کوئی سانحہ ہوا ذمہ دارعوام کو ٹھہرایا گیا،حکومت گرانے کی جتنی جلدی پی ڈی ایم کو ہےاس سے زیادہ جلدی خود حکومت کو ہے۔برطرف وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف جلد واپس آئیں گے، تاہم وقت کا تعین ن لیگ کرے گی۔