بلوچستان میں صدیوں سے آباد اقوام کو جائز حقوق دلائیں گے، سردار اختر جان مینگل

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صدیوں سے آباد اقوام کو جائز حقوق دلائیں گے ”سیٹلر“ یا ”آباد کار“ کی اصطلاح ہمیشہ کیلئے ختم کر دیں گے۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز بی این پی کے رہنما و سابق وزیر محمد اسماعیل گجر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پرنس آغا موسی جان ارکان صوبائی اسمبلی میر محمد اکبر مینگل،احمد نواز بلوچ، پارٹی رہنما نواز رئیس،نادر مگسی، خالد سخی اور ٹکری شوکت گجر بھی موجود تھے۔ سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ جعلی لوکل و ڈومیسائل سرٹیفکیٹس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا جعلسازی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے اور ایسے لوگوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لانا چاہئے جو جعلی دستاویزات کی آڑ میں وفاق سمیت مختلف محکموں میں مقامی نوجوانوں کا حق مار رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں صدیوں سے آباد اقوام کیلئے سیٹلر یا آباد کار کی اصطلاح استعمال کرنا درست نہیں کیونکہ ان کے آباؤ اجداد کی قبریں یہیں ہیں ان کا جینا مرنا خوشی غم اسی سرزمین میں ہے بی این پی ان سے کسی قسم کی نا انصافی برداشت نہیں کریگی اور ان کے جائز حقوق کا تحفظ کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ بی این پی کے ارکان پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر کے قدیمی ڈومیسائل سرٹیفکیٹس ہولڈرز کو لوکل قرار دینے کے حوالے سے قانون سازی کیلئے مشاورت کی جائیگی اور کوشش کریں گے کہ با ہمی اتفاق رائے سے بلوچستان اسمبلی میں اس حوالے سے قانون سازی کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے