بلوچی لباس پہن کر لوگوں کی ہمدردی حاصل نہیں کی جاسکتی،قاسم سوری

کوئٹہ:ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمدقاسم خان سوری نے سردارایاز صادق کے بیان کو شرمناک قراردیتے ہوئے کہاہے کہ محب الوطن پاکستانیوں نے نوازشریف کا بیانیہ مستردکردیاہے،اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کاشکار ہوگئی ہے،ملک اور قومی اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کے لیے ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے عالمی طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہے،بلوچستان میں حکومت گرانے کا خواب دیکھنے میں کوئی برائی نہیں،اپوزیشن حکومت کی تبدیلی کیلئے ہر ماہ ایک نیاشوشہ چھوڑتے ہیں،بلوچی لباس پہن کر لوگوں کی ہمدردی حاصل نہیں کی جاسکتی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ میں نیم میں راس کوہ ریسٹ ہاؤس کے افتتاح کے بعد میڈیا نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپی ٹی آئی کوئٹہ ریجن کے جنرل سیکرٹری باری بڑیچ ودیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ڈاکٹر سعد خان،ایڈیشنل ڈائریکٹر سٹاف اسلم غنی ودیگر بھی موجود تھے۔اس سے قبل ڈپٹی اسپیکر نے نیم آفس میں نئے تعمیر شدہ راس کوہ ریسٹ ہاؤس کاافتتاح کیا۔ اس موقع پر نیم کے ڈائریکٹر اسلم غنی نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ راس کوہ چاغی کے اس پہاڑ کانام ہے جہاں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے تھے اس لحاظ سے وہ پہاڑ پاکستان اور بلوچستان کی شان ہے اور اسی مناسبت سے اس ریسٹ ہاؤس کانام تجویز کیاگیاہے،انہوں نے کہاکہ ریسٹ کی تعمیر سے ادارے کو سالانہ اخراجات میں کافی حد تک بچت ہوگی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہاکہ ایاز صادق کا بیان شرمناک ہے،دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے بھارتی جہاز مار گرایا اور پائلٹ کو گرفتار کرلیا لیکن اپوزیشن جماعتیں جو اپنی کرپشن اور این آر او کیلئے حکومت اور وزیراعظم عمران خان پر دباؤ ڈال رہے تھے ان میں ناکامی کے بعد اب ملکی سالمیت کے خلاف بیانات دے رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کاشکار ہوچکی ہے،ریاست کے خلاف بیانیہ سے اپوزیشن جماعتیں خوداختلافات کاشکار ہے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر نے استعفیٰ دیاہے جبکہ محب الوطن پاکستانی نے نوازشریف کے بیانیہ کومستردکردیاہے،انہوں نے کہاکہ اس وقت عالمی طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہے سیاسی اختلافات جمہوری کا حسن لیکن ملک اور ریاستی اداروں کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے،انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت کی تبدیلی کیلئے خواب دیکھنے میں کوئی برائی نہیں اپوزیشن حکومت کی تبدیلی کیلئے ہر ماہ ایک نیا شوشہ چھوڑتے ہیں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں جب اقتدار میں تھیں تو انہوں نے عوام کو کیادیا،بلوچی لباس پہن کر لوگوں کی ہمدردی حاصل نہیں کی جاسکتی،موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو ایک بنانے اور اقوام کے درمیان فرق کو ختم کرناچاہتی ہے،اپوزیشن کے بیانیہ سے ملک دشمن مضبوط ہوئے ہیں،ملک میں مہنگائی کے خاتمے کیلئے حکومت اپنا کرداراداکررہی ہے بلکہ ٹائیگر فورس کو متحرک کیاگیاہے کہ وہ گرانفروشوں کی نشاندہی کرے اور وزیراعظم پورٹل پر اپ ڈیٹ کرے۔انہوں نے کہاکہ نواب ثناء اللہ زہری مسلم لیگ(ن) کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں اس طرح کا رویہ قابل افسوس ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے