بلوچستان کے قبائلی روایات اقدار رسم و رواج میں تمام مسائل کا حل موجود ہے، میر احمد نواز زہری

خضدار(ڈیلی گرین گوادر) ممتاز قبائلی رہنماء نوابزادہ میر احمد نواز زہری نے جاری کردہ اپنے ایک اعلامیہ میں کہاہے کہ میرے خاندان کے درمیان تصفیہ کے لئے ثالثین کی جانب سے جو کردار ادا کیا جارہاہے ان کوششوں کے نتائج کافی مثبت آئے ہیں۔ ہمارے کئی مجالس اور ملاقاتیں ہوچکی ہیں ان تمام معاملات کے بارے میں ثالثین کافی مطمئن ہیں۔اس سلسلے میں بہت جلد ثالثین کا آپس میں ایک اہم جرگہ سید عبداللہ شاہ کی سربراہی میں بلایا جارہا ہے جس میں ان تمام ملاقاتوں اور مجالس کے نتائج پر غور وخوض اور اس متعلق مذید آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا جرگہ کی تاریخ اور جگہ کا تعین بہت جلد ہوگا۔ اس معاملے میں جتنے بھی بہی خواہ دوست و احباب دلچسپی رکھنے والے خیر خواہ طبقات جو کہ اچھی خبر کے منتظر ہیں وہ خاطر اطمینان رکھیں انشاء اللہ انہیں اچھا پیغام اور خوشخبریں دیں گے۔ ثالثین کے سربراہی کرنے والے قبائلی رہنماء نوابزادہ میر احمد نواز زہری کا کہنا تھاکہ دعاء ہے کہ ہمیں اپنی کوششوں میں کامیابی ملے اور میرے خاندان کے افراد ایک دوسرے کے قریب آئیں۔ اس کے بعد قبائل کے تعاون سے جھالاوان سمیت پورے بلوچستان کے تمام قبائل کے درمیان دیرینہ تنازعات کے تصفیے کے لئے ضرور کوششیں کریں گے۔ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان کے قبائلی روایات اقدار رسم و رواج میں تمام مسائل کا حل موجود ہے بس ان تمام مسائل و قبائلی تنازعات سے بلوچستان کے قبائل کو نجات دلانے کے لئے کوششوں کی ضرورت ہے۔قبائلی تنازعات ہماری نسلوں کی ترقی کے آگے بڑی رکاوٹ ہیں معاشرہ انہی قبائلی تنازعہ کی وجہ سے جمود کا شکار ہے اب وقت آگیا ہے کہ ان تمام تنازعات کے خاتمہ کے لئے موثر کوشش کئے جائیں انشاء اللہ ہم اپنی بساط کے مطابق ان کوششوں کوضرور جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ اب ہمارا اگلا شیڈول جرگہ بلانے کا ہے اور یہ جرگہ ثالثین پر مشتمل ارکان کا ہوگاجرگہ کی تاریخ اور جگہ کا تعین آئندہ چند روز میں کیا جائیگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے