مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے تاجر مہنگائی کے ہاتھوں نان شبینہ کے محتاج ہوچکے ہیں ٗ سردارجبار خان خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان صرافہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سردارجبار خان خلجی،سرپرست اعلیٰ حاجی علی محمد صراف،صدر عبدالہادی صراف،سینئرنائب صدر میرندیم شاہوانی صراف،جنرل سیکرٹری علی رضا صراف، اور پریس سیکرٹری صاحبزادہ صراف نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے تاجر مہنگائی کے ہاتھوں نان شبینہ کے محتاج ہوچکے ہیں پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے غربت اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا حکومت فوری طور پر حالیہ اضافے کو واپس لے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں پہلے ہی عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں اورخود کشیاں کرنے پر مجبورہیں وفاقی حکومت کی طرف سے ایک مرتبہ پھر پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے کاروبارنہ ہونے کے برابر ہے اور تاجر سخت پریشانی میں مبتلا ہیں اوردو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا جس کے پاکستان کے غریب عوام متحمل نہیں ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو واپس لیتے ہوئے تاجروں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے اور تاجروں کو ٹیکسوں میں مزید رعایت دی جائے